عوام تبدیلی لانے والوں کی اصلیت اور عزائم کو پوری طرح جان چکے ہیں . امیر العظیم

لاہور 19جولائی 2018ء
ترجمان جماعت اسلامی پاکستان اور لاہور کے حلقہ این اے 135 اور پی پی 161 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار امیر العظیم نے کہاہے کہ جو کہتے تھے کہ ہم ہی نہیں ، ہماری آنے والی نسلیں بھی حکومت کریں گی ، وہ آج اللہ کی پکڑ میں ہیں ۔ جب اللہ کا فیصلہ آتاہے تو بڑے بڑے فرعون اپنے لشکروں سمیت غرق ہو جاتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اپنے فرمانبرداربندوں کو عزت ، وقار اور غلبہ عطا کرتاہے ۔ 25 جولائی کو ایم ایم اے کا سورج پوری آب و تاب سے چمکے گا اور ملک و قوم کے مجرموں کو کہیں پناہ نہیں ملے گی ۔ متحدہ مجلس عمل لٹیروں سے قوم کی ایک ایک پائی وصول کر کے عوام کو تعلیم ،صحت اور نوجوانوں کو روزگار کی سہولتیں دے گی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ مرکز اور گلزار منصورہ میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ کارنر میٹنگز سے پی پی 173 کے امیدوار ذکر اللہ مجاہد ، عبدالعزیز عابد ، چوہدری عبدالواحد اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر رفاہ عامہ منصورہ کے صدر شوکت پراچہ اور سیکرٹر ی جنرل میاں عبدالماجد بھی موجود تھے ۔
امیر العظیم نے کہاکہ سیکولر اور لبرل جماعتوں کی اصل متبادل متحدہ مجلس عمل ہے جس طرح پیپلز پارٹی اور ن لیگ چار عشرے حکومت کرنے کے بعد بھی عوام کو کچھ نہیں دے سکیں اسی طرح تبدیلی کا نعرہ لگانے والے بھی ناکامی سے دوچار ہونے والے ہیں ۔ عوام تبدیلی لانے والوں کی اصلیت اور عزائم کو پوری طرح جان چکے ہیں اب ان کھوکھلے نعروں اور دعوﺅں پر کوئی یقین کرنے والانہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہ تبدیلی کے نام پر سراب اور ملک و قوم سے بدترین مذاق ہے جو لٹیرے سابقہ حکومتوں کے دم چھلے بن کر قوم کو دھوکہ دیتے رہے ہیں ، وہی آج تبدیلی کے ٹرک پر سوار ہیں ۔ یہ لوگ تبدیلی کی جعلی تصویریں دکھا کر قوم کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکتے ۔ حقیقی تبدیلی متحدہ مجلس عمل لائے گی جب کوئی چور لٹیرا احتساب سے بچ نہیں سکے گا ۔ انہوںنے کہاکہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دیتی اور احتساب کے نام پر عوام کو دھوکہ دیتی رہیں یہی وجہ ہے کہ ہر الیکشن میں وہی شوگر ، ڈرگ اور کرپشن مافیا نظر آتاہے جو کئی بار عوام کی امانتوں کو لوٹ چکاہے ۔ انہوںنے کہاکہ خیبر پی کے اور بلوچستان میں ایم ایم اے کی حکومتیں بنیں گی اور مرکز میں بھی ہماری مرضی کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں ہوسکے گی ۔ ہم آئین پاکستان کی اسلامی دفعات اور ختم نبوت کے قانون کی حفاظت کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ کے پی کے پہاڑوں سے آنے ولاا اسلامی انقلاب وادیوں اور میدانوں سے ہوتاہوا کراچی ، کوئٹہ ، لاہور اور اسلام آباد پہنچے گا اور پاکستان کو اپنی حقیقی منزل سے ہمکنار کرے گا ۔