متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آئی تو ہر سطح پر سود کا خاتمہ کرے گی .امیرالعظیم

لاہور 18جولائی 2018ء
جماعت اسلامی پاکستان کے ترجمان اور حلقہ این اے 135اور پی پی 161سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار امیرالعظیم نے کہا ہے کہ سود کی لعنت نے پورے ملک کی معیشت کو تباہ و برباد کر دیا ہے متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آئی تو ہر سطح پر سود کا خاتمہ کرے گی کیونکہ یہ اللہ کے ساتھ جنگ ہے۔ اعوان ٹاﺅن۔ شاہ پور کانجراں اور ڈوبن پورہ میںمعززین سے ملاقاتوں اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینکوں کے سود نے جہاں پاکستان کے تجارتی اورصنعتی طبقے کا بیڑا غرق کیا وہیں انفرادی سطح پر کام کرنے والے سود خوروں نے مشکلات میں گھرے غریب آدمی کی رگوں سے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑ لیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حلقہ 135 کی ڈوبن پورہ جیسی غریب آبادیوں میں سود خوروں کا دھندا اور ظلم عروج پر ہے۔ ہم اس لعنت کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکیں گے اور مشکلات کے شکار لوگوں کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے کے لئے اقدامات کریںگے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈوبن پورہ کی آبادی کو دیکھ کر دکھ ہوتا ہے کہ حکمرانوں اور یہاں سے ووٹ لینے والوں نے اس پسماندہ بستی کو مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے۔ہم اس علاقے میں سیوریج کے مسائل کو حل کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ حلقہ کی غریب آبادیوں میں نشہ اور جوئے کی وبا عام ہے جس کی وجہ سے ہماری نوجوان نسل تباہ ہو رہی ہے لیکن پولیس اور منتخب نمائندوں کو اس کی پرواہ نہیں۔ اس موقع پر امیرالعظیم اور حلقہ پی پی 173 کے امیدوار ذکر اللہ مجاہد نے اعوان ٹاﺅن ۔ ڈوبن پورہ اور شاہ پر کانجراں میں گھر گھر جا کر لوگوں سے ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل سنے۔ لوگوں کی بڑی تعداد نے دونوں رہنماﺅں کو اپنے تعاون کا یقین دلایا۔