سابقہ حکمرانوں اور ان کے پروردوں نے پاکستان کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے ۔ (لیاقت بلوچ)

لاہور10 جولائی 2018ء
متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل اور حلقہ این اے 130 سے امیدوار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے اپنے حلقہ انتخاب میں مختلف کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ جماعت اسلامی کی کرپشن فری تحریک نے عوام کو احتساب کا شعو ر دیاہے ۔ 2018 ءکے انتخابات کرپٹ اشرافیہ کا یوم حساب ثابت ہوں گے ۔ الیکٹ ایبلز کی صورت میں جو سیاسی جماعتیں کچرا اکٹھا کر رہی ہیں ، یہ جمہوریت کے نام پر بدنما داغ ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کے تمام امیدوار امانت و دیانت اور شرافت و حب الوطنی سے سرشار ہیں اور ان کے دامن کرپشن سے پاک ہیں ۔ ان شاءاللہ 25 جولائی کو عوام دیانتدار وں کے مقابلے میں بد دیانتوں کو شکست سے دوچار کریں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ووٹ اور ووٹر کی عزت صرف عزت دار کو منتخب کرنے سے ہوگی ۔ ماضی کے حکمرانوں نے ووٹ کی پرچی سے اقتدار حاصل کر کے صرف اپنے مفادات کو سمیٹا جبکہ عوام کو مہنگائی ، بے روزگاری ، تعلیم ، صحت ، پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا اور ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا۔ انہی حکمرانوں اور ان کے پروردہ چہیتوں ، سرمایہ داروں ، جاگیرداروں ، وڈیروں اور بنک کاروں نے ملکی دولت کو لوٹ کر بیرون ملک جائیدادیں بنائیں جبکہ پاکستان کو کنگال کر کے رکھ دیا ہے ، آج یہی کرپٹ اشرافیہ معصوم بن کر ایک مرتبہ پھر عوا م کو دھوکہ دینے میں مصروف عمل ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل پاکستان کے عوام کے حقوق کی ترجمان ہے ، ان شاءاللہ ہمیں موقع ملا تو پاکستان کی تقدیر بدل کر رکھ دیں گے ۔ پاک سرزمین پر نظام مصطفی کا نفاذ اور عوام کو ان کی دہلیز پر خوشحالی پہنچائیں گے ۔ انہوںنے کہاکہ کرپٹ مافیا کے چہروں کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں ، انہیں عوام کا غیظ و غضب صاف نظر آرہاہے ۔ 25 جولائی کو عوام متحدہ مجلس عمل کو کامیاب کرا کر ملک میں اسلامی فلاحی ریاست کے قیام کی داغ بیل ڈالیں گے ۔