متحدہ مجلس عمل محبان دین اور محبان وطن ووٹرز کے لیے خوشگوار اور بااعتماد متبادل پلیٹ فارم ہے ۔لیاقت بلوچ

لاہور2جولائی2018 ء
متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل این اے 130 سے امیدوار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے اپنے حلقہ انتخاب وحدت کالونی ، ماڈل ٹاﺅن توسیع ، کینال پارک ، گلبرگ میں عوامی ناشتہ اور مکہ کالونی ، علامہ اقبال ٹاﺅن ، چناب بلاک ، پا ک بلاک اور شادمان میں کارنرمیٹنگز ، جامع مساجد قباء، بیت المکرم ، رچنا بلاک میں نمازیوں سے ملاقاتوں، گنج بخش روڈ اچھرہ میں انتخابی دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ اسٹیٹس کو توڑنے اور ملک میں آئین و جمہوریت کی حکمرانی کے لیے آزمائے ہوئے کل پرزے اور سیاست، جمہوریت اور حکمرانوں کو تباہ کرنے والا گند اور کچرا کچھ بھی نہیں کر سکتا ۔ اہل دیانتدار اور بااعتماد قیادت ہی ملک کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔ متحدہ مجلس عمل محبان دین اور محبان وطن ووٹرز کے لیے خوشگوار اور بااعتماد متبادل پلیٹ فارم ہے ۔
لیاقت بلوچ نے کہاکہ 25 جولائی نظام مصطفےٰ کے قیام کے لیے کامیابی کا دن ہوگا ۔ عوام کے لیے اب کرپٹ نظام اور کرپٹ مافیا ناقابل قبول ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سیاسی جلسوں اور انتخابی مہم میں حریف جماعتیں ، امیدواران اور سیاسی کارکنان ایک دوسرے کا احترام قائم رکھیں ۔ سیاسی جماعتیں انتخابات کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں ۔ کرنٹ افیئر میڈیا پروگراموں میں سیاسی جماعتوں کو نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے نیا فارمیٹ دیا جائے ۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا پر سیاسی نمائندوں کی تلخی ، جھگڑا اور فساد گلی محلے کے کارکنان میں تلخی پیدا کردیتاہے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نگران حکومت کا مسلسل عوام دشمن اقدام ہے ۔ سپریم کورٹ پٹرولیم منصوعات کی قیمتوں کے تعین کے مقدمہ کا بلاتاخیر فیصلہ کرے وگرنہ مہنگائی کا سیلاب عوام کو ڈبو دے گا ۔