ہمارا مفاد پرست سیاسی قوتوں سے مقابلہ ہے جو کرپشن زدہ چہروں کے ساتھ ملک پر مسلط ہیں (لیاقت بلوچ)

لاہور یکم جولائی 2018ء
متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امید وار قومی اسمبلی این اے 130 لیاقت بلوچ کی اسلامی تحریک، شیعہ علماءکونسل پنجاب نے این اے 130 میںحمایت کا اعلان کردیاہے ۔لیاقت بلوچ نے شیعہ کمیونٹی کے اجلاس سے خطاب ، پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور ، اسلامی جمہوری اتحاد کے صدر حافظ زبیرظہیر ، جامعہ المنتظر کے آیت اللہ علامہ ریاض حسین سے ملاقاتیں کیں ۔
لیاقت بلوچ نے اسلامی تحریک کے رہنماﺅں علامہ سبطین حیدر سبزواری ، حافظ کاظم رضا ، ملک شوکت اعوان ، جعفر علی شاہ ، موسیٰ رضا جسکانی ، خالد عثمان اور احمد سلمان بلوچ کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ ہمارا مفاد پرست سیاسی قوتوں سے مقابلہ ہے جو کرپشن زدہ چہروں کے ساتھ ملک پر مسلط ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے اپنے حلقہ انتخاب این اے 130 میں انتخابی مہم میں گوپال نگر ، مکہ کالونی ، غالب مارکیٹ گلبرگ، فالکن سوسائٹی ، خان کالونی ، مصطفےٰ آباد میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات کے لیے عوام پرجوش لیکن حیران و پریشان ہیں کہ حکمران جماعتیں تو اپنے انجام سے دوچار ہورہی ہے لیکن تمام پارٹیوں کا کچرا ایک جگہ جمع کر کے سیاست اور جمہوریت کو داغدار کیا جارہاہے ۔ متحدہ مجلس عمل نظام مصطفےٰ کے قیام کے ذریعے خوشحالی اور وحدت لائے گی۔ انہوں نے کہاکہ نگران حکومت کا پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ توہین عدالت ہے نگران حکومت فی الفور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لے ۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی فلڈ کا گیٹ کھول دے گا ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل 2002 ءکے مقابلے میں بڑی کامیابی حاصل کرے گی ۔انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ پانامہ کیس میں 436 افراد کا بھی جلد احتساب کرے ۔ انہوںنے کہاکہ آج پاکستان جن بحرانوں سے گزر رہاہے اس کی براہ راست ذمہ دار ماضی کی حکومتیں ہیں ۔ کرپٹ اشرافیہ ملکی دولت لوٹ کر بیرون ملک لے گئی ہے اس کو واپس لانے کے لیے قومی اداروں کو اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کرناچاہیے ۔انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل قوم کو صاف اور شفا ف قیادت مہیا کرے گی اورپانی ، توانائی اور مہنگائی و بے روزگاری کے بحرانوں سے نکال کر پاکستان کا امیج عالمی سطح پر بلند کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ان شاءاللہ متحدہ مجلس عمل کی بدولت ملک میں قرآن و سنت کے نظام سے اسلام کا غلبہ اور کرپٹ مافیا کو شکست ہوگی ۔ عوام 25 جولائی کو ملک و دین سے محبت کرنے والے نمائندوں کو کامیاب کرائیں ۔