مجلس عمل کی اہل اور دیانت دار قیادت عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلائے گی ۔ شاہ اویس نورانی

جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ و مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر شاہ اویس نورانی نے کہاکہ پاکستان کو اس کے نظریے اور اس کے مقصد سے دور کرنے کی سازش کی گئی اور حکمرانوں نے ملک کو تباہ و برباد کردیا ۔ رشوت ، کرپشن اور اقربا پروری عام کیا گیا اور عوام کو بنیادی ضروریات تک سے محروم کردیا گیا ۔ مجلس عمل کی اہل اور دیانت دار قیادت عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلائے گی ۔کرپٹ حکمرانوں سے قومی دولت وصول کرے گی اور ان کا کڑا احتسا ب کرے گی۔ ملک میں کرپشن سے پاک نظام لائے گی ۔عوام 25جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگا کر اپنا اور اپنے بچوں کے مستقبل کو روشن اور محفوظ بنائیں۔جمعیت علمائے پاکستان اور مجلس عمل کے رہنما قاری محمد عثمان نے کہاکہ پاکستان کے وجود کا بنیادی مقصد ہی یہ تھا کہ یہاں اسلام نظام نافذ کیا جائے مگر بد قسمتی سے یہاں اسلامی نظام کا راستہ روکنے کی اور پاکستان کو سیکولر و لبرل بنانے کی کوشش کی گئی مگر دینی قوتوں نے اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور مجلس عمل اقتدار میں آکر ملک میں حقیقی معنوں میں اسلامی نظام نافذ کرے گی۔ جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے رہنما و مجلس عمل کے مرکزی قائد شیخ علی محمد ابو تراب نے کہاکہ 25جولائی کا دن علمائے کرام کی جدوجہد کی کامیابی اور عوام کی خوشحالی کا دن ہوگا ، عوام مجلس عمل کو کامیاب بنائیں گے اور مجلس عمل عوام کے اعتماد پر پورا اترے گی ملک کو کرپشن اور مسائل سے نجات دلائے گی ۔مجلس عمل کے مرکزی رہنما و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے کہاکہ پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے بے شمار نعمتیں دیں ہیں جو دیگر ممالک کے پاس نہیں لیکن حکمرانوں کی نا اہلی اور کرپشن نے ملک کو تباہ و برباد کردیا ۔57اسلامی ممالک میں پاکستان واحد ملک ہے جس کے پاس ایٹمی طاقت ہے ۔مجلس عمل عوام کو مسائل سے نجات دلائے گی اور ملک کو عالمی سطح پر اسلامی ممالک کا قائد بنائے گی۔ 25جولائی کو عوام کے پاس بہترین موقع ہے کہ ملک کو تباہ کرنے والے کرپٹ حکمرانوںکو مسترد کردیں اور مجلس عمل کی اہل اور دیانت دار قیادت کو منتخب کریں ۔اسلامی تحریک صوبہ سندھ کے صدر و مجلس عمل صوبہ سندھ کے جنرل سکریٹری علامہ ناظر عباس تقوی نے کہاکہ علماءانبیاءکے وارث ہیں یہ کسی بھی قوم اور مکتب کا سرمایہ اور اثاثہ ہیں ۔ آج کا عظیم الشان کنونشن علماءکی قیادت پر اعتماد کا اظہار ہے ہم بھی عہد کرتے ہیں کہ عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے ۔ آج ملک اور قوم جن بحرانوں اور مسائل سے دوچار ہیں ان سے نجات دلانے کی صلاحیت صرف مجلس عمل کی قیادت کے پاس ہے ۔ یہ قیادت جب پارلیمنٹ میں ہوگی تو ملک کا قبلہ درست ہوجائے گا ۔مجلس عمل کا مقصد صرف سیاست نہیں ہے بلکہ ہم ملک کے اندر نظام مصطفی نافذ کریں گے ۔ملک کی داخلہ اور خارجہ پالیسی کو تبدیل کریں گے اور اتحاد امت کو ختم کرنے کی سازشوں کو ناکام کریں گے ۔امریکا و اسرائیل کی سازشوں کا مقابلہ کریں گے ،بیت المقدس کو ہرگز نہیں چھوڑےں گے اور امت کے اوپر جہاں بھی ظلم ہوگا ہم آواز اٹھائیں گے ۔جمعیت علمائے اسلام ،مجلس عمل سندھ کے رہنما محمد اسلم غوری نے کہاکہ کراچی کے عوام کے پاس شہر میں خون ریزی کرنے والوں سے نجات حاصل کرنے کا موقع ہے ۔ 25جولائی کو عوام ووٹ کی طاقت سے کراچی کو تباہ و برباد کرنے والوں کو مسترد کردیں گے۔