پاکستان کی سرزمین پر اللہ کے کلمے والا جھنڈا لہرائے گا.شاہ اویس نورانی

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ مجلس عمل کے ترجمان شاہ اویس نورانی نے کہاکہ پاکستان کی سرزمین پر اللہ کے کلمے والا جھنڈا لہرائے گا اور پاکستان میں غلامان مصطفیؐ کی حکومت ہوگی ۔ پاکستان کو اسلامی و فلاحی ریاست بنانے کے خواب کی تعبیر حاصل کرنے کے لیے قوم متحدہ مجلس عمل کی قیادت میں متحد ہو جائے ۔ پاکستان بڑی قربانیوں کے بعد حاصل ہوا ہے اسے مغرب کے غلاموں اور سیکولرازم کے حواریوں کے سپرد نہیں کیا جاسکتا ۔ قوم زانیوں شرابیوں اور لٹیروں کی بجائے متحدہ مجلس عمل کے دیانتدار اور صوم و صلوۃ کے پابند امیدواروں کو ووٹ دے۔ علامہ عارف واحدی نے اپنے خطاب میں کہاکہ ملک میں غلبہ اسلام کے لیے قوم متحد ہو کر متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو کامیاب کرائے تاکہ قیام پاکستان کے مقاصد کو حاصل کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل کا نشان کتاب انقلاب کا منشور ہے ہم قرآن کی بالادستی کو یقینی بنائیں گے ۔ سینیٹر مشتاق احمد خان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مجلس عمل نے اپنے منشور میں لکھاہے کہ مجلس عمل کی حکومت دل ، گردے ، ہیپاٹائٹس ، تھیلسیمیا سمیت پانچ بڑی بیماریوں کا مفت علاج کرے گی ۔ کشمیر کی آزادی ، قبلہ اول کی حفاظت ، روہنگیا ، فلسطین سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کا تحفظ کریں گے ۔ ہم اپنی اقوام متحدہ بنائیں گے اور ہم عالم اسلام کو متحد کر کے امت مسلمہ کو سپر پاور بنائیں گے ۔