متحدہ مجلس عمل ملک میں اسلام کے نظام عدل کا قیام ، قرضوں کی معیشت کا خاتمہ ،خود کفالت اور معاشی خوشحالی کا نظام لائے گی.لیاقت بلوچ

لاہور24جون 2018ء
متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور امیدوار قومی اسمبلی این اے 130 لیاقت بلوچ نے وحدت کالونی اور کلفٹن کالونی میں کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ متحدہ مجلس عمل ملک میں اسلام کے نظام عدل کا قیام ، قرضوں کی معیشت کا خاتمہ ،خود کفالت اور معاشی خوشحالی کا نظام لائے گی اور کرپشن فری پاکستان کے ہدف کے لیے ٹھوس اقدامات کرے گی لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں اور قومی آزادی و خود مختاری کا تحفظ اور ہر قسم کی مداخلت کا سدباب کرے گی ۔ تعلیم ، صحت ، مناسب رہائش ، روزگار ، صاف پانی ، بجلی و گیس ہر شہری کو بلاامتیاز ملے گی ۔ انہوںنے کہاکہ سابقہ حکومتوں نے عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسائے ہیں اور ان کو ضروریات زندگی سمیت زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم رکھ کر مفلو ک الحال بنایا ۔ غیر ملکی قرضے حاصل کر کے اپنی ذاتی تجوریاں بھریں جبکہ ملک کو قرضوں سے مقروض ترین ملک بنادیا ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ملک کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی غلامی سے نجات دلائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ آئین و قانون کی روسے یقینی بنائے گی اور انہیں تعلیم ، روزگار اور شہری سہولتوں کی مساویانہ فراہمی اور جانبدارانہ ،غیر منصفانہ اور غیر مناسب سلوک کا خاتمہ اور سدباب کرے گی ۔ قوم آئندہ انتخابات میں متحدہ مجلس عمل کا ساتھ دے ۔