متحدہ مجلس عمل جمہور کی طاقت کی حفاظت کرے گی ۔ لیاقت بلوچ

متحدہ مجلس عمل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے اپنے خطاب میں کہاکہ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے علماء اور دینی جماعتوں کو متحد کرنے کا جو مخلصانہ پیغام دیا تھا ، وہ اللہ کی بارگاہ میں قبول ہوا ۔ ستر سال سے جاری نظام اور مقتدر قوتیں ناکام ہو چکی ہیں۔ پاکستان کو اہل اور دیانتدار قیادت اور نظام مصطفیؐ چاہیے ۔ نا م نہاد الیکٹ ایبلز کا نظام ناکام ہوچکاہے یہ کسی بڑی تبدیلی کا ذریعہ نہیں بن سکتے ۔ یہ آمریتوں کے پروردہ ہیں اور ہمیشہ مارشل لاء اور فوجی بیرکوں میں پروان چڑھتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل جمہور کی طاقت کی حفاظت کرے گی ۔ ایم ایم اے پاکستان کے عوام کے لیے آئینہ ہے ۔ پاکستان میں دینی ووٹرز اور سرفروشان اسلام ہی اصل قوت ہیں اب یہ ووٹ سیکولر اور لبرل ازم کو بچانے والی پارٹیوں کی بجائے اسلامی اتحاد متحدہ مجلس عمل کو ملے گا۔ ہم مساجد ، خانقاہوں اور امام بارگاہوں کو متحد کر کے سیکولرازم و مفاد پرستی کو شکست دیں گے ۔ کسان ، مزدور ، نوجوانوں اور تجارت و صنعت اور زراعت کی دشمن قوتوں کو شکست دیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ خیبر پی کے دین سے محبت کرنے والوں اور پاکستان کے نامور علما کا علاقہ ہے اس علاقے کے رہنے والے دینی قوتوں کے علاوہ کسی کا ساتھ نہیں دے سکتے ۔ ایمان کی طاقت سے لٹیروں اور بد دیانت لوگوں کاراستہ روکیں گے ۔سابق وزیراعلیٰ کے پی کے اکرم خان درانی نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خیبر پختونخوا کے عوام متحدہ مجلس عمل کو 2002 ء والی کامیابی سے نوازیں گے اور آنے والی صوبائی حکومت متحدہ مجلس عمل کی ہوگی ۔